ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن زاہد خان خلجی کے ہمراہ ائیرپورٹ روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران مشاہدہ کیا گیا کہ نالیوں کی بندش اور حالیہ بارشوں کے باعث پانی سڑک پر بہہ رہا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود عملے کو فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے مشینری اور اضافی ورکرز طلب کیے۔ انتظامیہ کی نگرانی میں فوری طور پر نکاسیٔ آب کا کام شروع کیا گیا، نالیوں کی صفائی عمل میں لائی گئی اور پانی کی روانی کے لیے متبادل راستہ بنایا گیا تاکہ آئندہ اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ بر وقت اقدامات کے نتیجے میں سڑک سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا گیا اور ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت متحرک ہے اور مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
Leave Your Comment