کوئٹہ(پ ر) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر شبیر احمد بڑیچ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی اور انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تاجروں سے کامیاب مذاکرات کے بعد 7 اور 8 اگست کی ہڑتال موخر کر دی گئی ہے
وزیر داخلہ نے کہا کہ تاجر برادری معاشرے کا ایک اہم طبقہ ہے اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم احتجاج کے بعد تاجروں نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تاجروں کے تحفظات کے ازالے کے لیے حکومت بلوچستان نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بھی شامل ہوں گے۔ کمیٹی تاجروں کے مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
اس موقع پر انجمن تاجران بلوچستان کے صدررحیم آغا نے کہا کہ حکومت نے 986 دکانداروں اور حلیم پلازہ سے متعلق مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد تاجروں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 7 اور 8 اگست کی ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت تاجروں کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہداء زیارت کمیٹی، امن و امان کی صورتحال اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فیک خبروں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، قومی شاہراہوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور جہاں ضرورت پڑی وہاں کرفیو یا آپریشن سمیت تمام قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
Leave Your Comment