*ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی کا شہر کے مختلف مقامات کا دورہ، جاری خصوصی لیگیسی بیک لاگ ویسٹ ریمول مہم کا جائزہ*
کوئٹہ: ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایات پر جاری لیگیسی بیک لاگ ویسٹ ریموول مہم کے تحت شہر کے مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے بروری روڈ، لنک بادینی روڈ اور لینڈ فل سائٹ کا معائنہ کیا، جہاں کئی سالوں سے جمع شدہ لیگیسی کچرے کو مرحلہ وار اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ آپریشن کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے
ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے لینڈ فل سائٹ پر کچرے کی محفوظ اور جدید بنیادوں پر ڈمپنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا اور لیگیسی کچرے کے وزن کے باقاعدہ اندراج اور ویٹ مشین کے ذریعے درست پیمائش کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفافیت، درست وزن اور مکمل ریکارڈنگ اس خصوصی مہم کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں، تاکہ دو لاکھ ٹن لیگیسی کچرے کے خاتمے کا ہدف مقررہ مدت میں حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہم وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے اس وژن کا عملی اظہار ہے جس کا مقصد کوئٹہ کو لیگیسی کچرے سے پاک، صاف ستھرا اور ماحول دوست شہر بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نگرانی کا مؤثر نظام برقرار رکھا جائے اور شہریوں کو بھی صفائی کے عمل میں شریک کیا جائے۔
لیگیسی کچرے کے خاتمے کی یہ مہم نہ صرف شہری خوبصورتی کی بحالی بلکہ عوامی صحت کے تحفظ اور پائیدار شہری ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
Leave Your Comment