شہر کے مرکزی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی مہم پیر سے شروع ہوگی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت صفا کوئٹہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پراجیکٹ مینیجر صفا کوئٹہ نے شہر کے مرکزی نالوں اور سیوریج و نکاسی آب کی لائنوں کی صفائی کے لیے پہلے سے طے شدہ خصوصی مہم کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر مجوزہ آپریشنل پلان، انتظامی تیاریوں اور متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے مرکزی نالوں کی صفائی (Desilting) کا عمل پیر سے شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد نکاسی آب کے نظام کی استعداد بہتر بنانا اور شہریوں کو درپیش مسائل کا مؤثر تدارک کرنا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہم پر مؤثر عمل درآمد، کام کے معیار اور پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
Leave Your Comment