وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ زاہد خان کی ہدایات پر چیف میٹروپولیٹن آفیسر نظر زہری نے اینٹی انکروچمنٹ ونگ، الیکٹرک ونگ اور ہارٹیکلچر ونگ کے افسران و اہلکاروں میں یونیفارم/فیلڈ کٹس تقسیم کیں۔
چیف میٹروپولیٹن آفیسر نظر خان زہری نے یونیفارمز اور کٹس متعلقہ ونگز کے انچارجز کے حوالے کیں جنہیں بعد ازاں فیلڈ ٹیموں میں تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد فیلڈ اسٹاف کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے ضروری سہولیات مہیا کرنا اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو مستحکم بنانا ہے۔
اس موقع پر چیف میٹروپولیٹن آفیسر نے کہا کہ فیلڈ اہلکار تجاوزات کے خاتمے، پارکوں اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت اور دیگر بلدیاتی خدمات میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری یونیفارمز اور کٹس کی فراہمی سے نہ صرف عملے کی شناخت اور پیشہ ورانہ وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ زاہد خان کی قیادت میں ادارے کی استعداد کار بڑھانے، فیلڈ عملے کی فلاح و بہبود اور شہری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Leave Your Comment