ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (MCQ) نے سیف سٹی کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہیں شہر بھر میں نگرانی، مانیٹرنگ اور قانون نافذ کرنے کے جدید نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر نے سیف سٹی پراجیکٹ کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) اور اس سے وابستہ افسران و عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مؤثر کارکردگی اور انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی جیسے جدید نظام شہری نظم و ضبط، ٹریفک مینجمنٹ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر نے بتایا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایات اور سیکرٹری آئی ٹی کی مکمل معاونت سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا تربیت یافتہ عملہ مستقل بنیادوں پر سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں تعینات کیا گیا ہے، جو بلدیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں، تجاوزات، غیر قانونی سرگرمیوں اور شہری نظم و ضبط سے متعلق معاملات کی براہِ راست نگرانی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مربوط مانیٹرنگ سسٹم کے باعث MCQ کی انتظامیہ کو مؤثر نفاذِ قانون میں نمایاں مدد ملی ہے، جس کے مثبت اثرات شہر میں نظم و ضبط، صفائی، ٹریفک کنٹرول اور مجموعی شہری سہولیات کی بہتری کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ادارہ جاتی تعاون اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کے ذریعے کوئٹہ کو ایک منظم، محفوظ اور بہتر شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائی رہی ہے.
Leave Your Comment