کوئٹہ (پ ر): وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب قمبرانی نے صفا کوئٹہ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران نالوں کی صفائی، نکاسیٔ آب اور سیوریج نظام سے متعلق جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر نے ایئرپورٹ روڈ، جناح روڈ، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، مشرقی بائی پاس سمیت مختلف علاقوں میں نالوں اور سیوریج لائنوں کی صورتحال کا معائنہ کیا اور نشاندہی شدہ مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، جن پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر مجیب قمبرانی نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی واضح ہدایات کے مطابق شہر میں صفائی ستھرائی اور نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اولین ترجیح ہے، بالخصوص بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے نالوں کی باقاعدہ صفائی اور سیوریج نظام کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے صفا کوئٹہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن باہمی تعاون سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے-
Leave Your Comment