ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن مجیب الرحمن قمبرانی کا مینٹیننس آفس چیف منسٹر پیکیج برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ کا دورہ
کوئٹہ: ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ، نے انسکومب روڈ پر واقع مینٹیننس آفس چیف منسٹر پیکیج برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ اور انجینئرز نے جاری اور مکمل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے کہا کہ کوئٹہ کی ترقی، بیوٹیفکیشن اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق کوئٹہ کو دوبارہ “لٹل پیرس” بنانے کے لیے سائنٹیفک پلاننگ، ٹریفک مینجمنٹ اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ایک نیا ہورٹیکلچر وِنگ قائم کر رہی ہے جو شجرکاری، پودوں اور پھولوں کی دیکھ بھال اور شہر کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دے گا۔ ساتھ ہی صفائی ستھرائی، انسداد تجاوزات، ڈرینج و سیوریج سسٹم کی بہتری، بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد اور شہری سہولتوں کے لیے جامع روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی 25 لاکھ سےآبادی ایک بڑی ذمہ داری ہے، اسی لیے قلیل، وسط اور طویل المدتی اہداف طے کیے گئے ہیں تاکہ ہر 10 سے 15 دن کے اندر شہریوں کو بہتری نظر آئے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کی جا رہی ہے جس کے ذریعے شہریوں کی شکایات کا 24 گھنٹوں میں ازالہ کیا جائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے اس بات پر زور دیا کہ درست پلاننگ اور واضح ڈائریکشن کے بغیر ادارے ایڈہاک بنیادوں پر نہیں چل سکتے۔ اسی لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن نے چار ماہ، چھ ماہ، دو سال اور پانچ سال کے واضح اہداف طے کیے ہیں تاکہ شہریوں کو مرحلہ وار ریلیف دیا جا سکے۔
ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور تجربے سے منصوبے بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن قائم ہو چکا ہے جس سے ترقیاتی اہداف تیزی سے حاصل ہوں گے۔
Leave Your Comment